گلبرگہ20اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)حضرت بندگی مخدوم خواجہ دکن سید محمد حسینی گیسودراز بندہ نوازؒ کے 612ویں سالانہ عرس شریف کی سہ روزہ تقاریب کا آج شام تقدس مآب حضرت سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین نے تاریخی محبوب گلشن سے جلوس صندل مبارک کی برآمدگی سے بصد تزک و احتشام آغاز فرمایا۔جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے لاکھوں زائرین نے شرکت کی۔ محبوب گلشن کے سبزہ زار پر مولانا سید عبدالرشید صاحب کی امامت میں نماز عصر ادائیگی کے بعد محفل سماع کا خصوصی شامیانہ میں آغاز ہوا ۔ حیدرآباد کے محمد محبوب بندہ نوازی اور دیگر قوالوں نے مبارکباد ی پڑھی اور نعتیہ کلام سناکر سماں باندھ دیا۔ محفل کی نگرانی حضرت سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین نے فرمائی۔ ان کے ہمراہ حضرت سید محمد علی الحسینی فرزند اکبر حضرت سجادہ نشین درگاہ بندہ نواز ؒ ،ڈاکٹر سید مصطفی حسینی فرزند اصغر حضرت سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز،حضرت سید شاہ اسد اللہ حسینی عرف افسر بابا، حضرت سید شاہ حسن شبیر حسینی (سجاد نشین درگاہ سید شاہ قبول اللہ حسینی گنج بخش ؒ ) حضرت سید شاہ یوسف حسینی برادر سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ ،حضرت سید عارف حسینی برادر حضرت سجادہ نشین درگاہ بندہ نوازؒ ،، حضرت سید شاہ تقی اللہ حسینی چیف ایڈیٹر روزنامہ کے بی این ٹائمز، حضرت سید باقر شبیر حسینی،ارکان خانوادہ روضہ بزرگ ،حضرت سید شاہ فضل المتین صاحب گدی نشین درگا ہ حضرت خواجہ اجمیری ؒ ، حضرت سید شاہ محمد صاحب سجادہ نشین درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ و،حضرت سید ابو تراب قادری سجادہ نشین ہلکٹہ شریف،حضرت سید شاہ نظام الدین اکبر سجادہ نشین درگاہ شاہ خاموشؒ حیدر آباد،حضرت قاسم ابوا لعلائی سجادہ نشین درگاہ حضرت محمد حسین ؒ صاحب حیدر آباد،حضرت حیدرپاشاہ قادری سجادہ نشین نلنگہ شریف، حضرت قبول پاشاہ شطاری حیدر آباد، حضرت سید شاہ ثاقب حسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت ابولفیض بیدر،مولانا مفتی خلیل احمد،،مولانا تنویر احمد ، مولانا غلام محمد اشرفی صاحب ، مولانا سید عبد الرؤوف صاحب ،ایم اے حبیب صاحب ،سید واجد احمد داروغہ درگاہ بندہ نوازؒ ،جناب رضی الدین خطیب منیجر درگاہ شریف، مولانا قاسم حیدر بندہ نوازی ،حبیب معظم نے شرکت کی۔ محفل سماع کے بعد حضرت سید خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین سمرہاؤس پہنچے اور صندل مبارک کی کشتی اپنے سرپر اٹھاکر جلوس کو روانہ فرمایا۔ اس وقت درگاہ شریف کے نوبت نوازشہنائی پر نعت شریف سنارہے تھے۔حضرت سید شاہ خسرو حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ بندہ نوازؒ کی قیادت میں اورحضرت سید محمد علی الحسینی و حضرت ڈاکٹر سید مصطفےٰ حسینی کی کار کردگی میں جلوس صندل نعرہ ہائے تکبیر ورسالت کی گونج میں روانہ ہوا۔ میلاد خواں جماعت اور جلالی فقراء جلوس کے آگے تھے۔ مرفع اور بینڈ کی سامعہ نوازی میں جگت چوک، سوپر مارکٹ اورکلاتھ بازار سے گذر کر جلوس صندل مسجد مارکٹ پہنچا جہاں جلوسیوں نے نماز مغرب ادا ء کی۔ صراف بازار عطاربازار، صندل گلی اور نیشنل چوک سے گذرکر رات ساڑھے دس بجے جلوس آستانہ عالیہ پہنچا ۔گیارہ سیڑھی پر حضرت سجادہ نشین ارکان خانوادہ کے ہمراہ جلوس کا استقبال فرمایا ۔ صندل کی کشتیاں بکمال عقیدت گنبد مبارک میں پہنچائی گئیں۔ ایک بجے شب فاتحہ بائیس خواجگان چشت ہوں گے۔ دیڑھ بجے رات مراسم صندل انجام پائیں گے۔